نئی دہلی،یکم اگست(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)راجیہ سبھا میں وہپ جاری ہونے کے بعد بھی پیر یعنی 31جولائی کو بی جے پی کے کئی ممبران پارلیمنٹ کی غیر موجودگی پر کانگریس کے سینئر لیڈر دگ وجے سنگھ نے کہا ہے کہ بی جے پی صدر کو اپنے ممبران پارلیمنٹ کے خلاف کارروائی کرنی چاہئے۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ مجھے اس بات کی خوشی ہے کہ امت شاہ نے اپنی ناکامی قبول کرلی ہے۔یہ پارلیمانی امور کے وزیر مملکت مختار عباس نقوی اور وزیر خزانہ ارون جیٹلی کی شکست ہے۔دگ وجے سنگھ نے کہا کہ آخر پسماندہ طبقے کمیشن پر اپوزیشن کی تجویز کو نظر انداز کیوں کیا جا رہا تھا،اگر حکومت ایمانداری سے پسماندہ طبقہ قانون کو نافذ کرنا چاہتی تھی تو اتفاق رائے بنانا چاہئے تھا یا پھر اپنی اکثریت تیار کرنی تھی۔بی جے پی کے 30ممبران پارلیمنٹ اور پانچ وزیر غائب رہے، یہ اس وقت ہوا جب بی جے پی نے تین لائن کی وہپ جاری کی تھی۔امت شاہ جی کو ان لوگوں کو پارٹی سے نکال دینا چاہئے۔غور طلب ہے کہ 31جولائی کو بی جے پی ممبران پارلیمنٹ کی غیر موجودگی کی وجہ سے پسماندہ طبقہ کمیشن بل سے منسلک اپوزیشن کی ترمیم پاس ہو گئی۔حکومت کو اپوزیشن کی یہ ترمیم منظور نہیں تھی،حکومت اس کو مسترد کرنا چاہتی تھی۔ایوان میں جب ووٹنگ ہوئی، تو اپوزیشن کی ترمیم کے حق میں 75ووٹ پڑے جبکہ اس کے خلاف صرف 54ووٹ ہی پڑے۔اس بابت بی جے پی صدر امت شاہ نے منگل یکم اگست کو بی جے پی ممبران پارلیمنٹ کے ساتھ میٹنگ کی۔شاہ نے ارکان پارلیمنٹ سے کہا کہ آپ لوگ عوام کے نمائندے ہیں، لہذا خوش ایوان میں رہنا ضروری ہے،غائب ہونا جمہوریت کے لئے اچھا نہیں ہے،اس سے غلط پیغام جائے گا۔